پاکستانی نژاد صادق خان لندن کے مئیرمنتخب

لندن کے نو منتخب مئیرصادق خان /فائل فوٹو

لندن کے نو منتخب مئیرصادق خان /فائل فوٹو

لندن:پاکستانی نژاد صادق خان لندن کے مئیرمنتخب ہوگئے، باضابطہ اعلان ہوگیا۔

صادق خان نے نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے دنیا کے کسی بھی ملک کے دارالخلافہ میں پہلے مسلمان میئرمنتخب ہونے کا اعزازحاصل کرلیا۔

برطانیہ میں جمعرات کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کا سرکاری اعلان ہوگیا، جس کے مطابق لندن مئیر کیلئے لیبرپارٹی کے صادق خان اورحکمراں جماعت کنزرویٹو کے امیدوار زیک گولڈ اسمتھ کے درمیان  سخت مقابلہ ہوا۔

پاکستانی نژاد صادق خان نے نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے 13لاکھ 10 ہزار ووٹ حاصل کئے، ان کے مدمقابل ارب پتی زیک گولڈ اسمتھ نے 9لاکھ 94ہزار ووٹ حاصل کئے۔

سرکاری اعلان کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب میئرصادق خان نے کہا کہ’ وہ عظیم ترین شہر لندن کے ہرشخص کا شکر گزار ہیں کہ انہوں نے مجھے بطور میئر منتخب کیا’۔

صادق خان نے کہا کہ’ لندن کے عوام نے خوف اور تقسیم کے بجائے امیدوار اتحاد کو ترجیح دی،خوف کی سیاست نہیں ہونی چاہیے’۔

نومنتخب میئر نے کہا کہ انہوں نے لندن کا میئر بننے کا کبھی خواب بھی نہیں دیکھا تھا،وہ بلاتفریق عوام کی خدمت کریں گے اور لوگوں کو روزگار اور سستی ٹرانسپورٹ مہیا کریں گے۔

زیک گولڈ اسمتھ نے صادق خان کی کامیابی کو تسلیم کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔عمران خان نے شوشل میڈیا پر صادق خان کو مبارکباد پیش کی ہے۔

جمائما خان نے بھی صادق خان کو مبارکباد دی اور کہا کہ زیک انتخاب لڑنے کی صلاحیت نہیں رکھتے تھے،نیویارک کےمیئرکی جانب سےمبارکباد کا پیغام بھیجاگیاہے۔