فرانس: اورلے ایئرپورٹ پر فورسز پر حملے کی کوشش ناکام

File Photo

File Photo

پیرس :فرانس کے اورلے ائیرپورٹ پر سیکیورٹی فورسز نے حملے کی ممکنہ کوشش ناکام بنادی۔

 خاتون اہلکار سے ہتھیار چھیننے کی کوشش کرنیوالا جوابی کارروائی میں مارا گیا، پولیس نے ہلاک شخص کے بھائی اور والد کو حراست میں لے لیا ہے۔

پیرس کے اورلے ائیرپورٹ پر تقریبا صبح کے ساڑھے آٹھ بجے تھے۔ مسافروں کا رش معمول کے مطابق تھا جبکہ دیگر کام بھی روز مرہ کی طرح جاری تھے۔

اچانک ایک شخص نے سیکیورٹی پر تعینات خاتون اہلکار سے اُن کی بندوق چھیننے کی کوشش کی اور قریب موجود اہلکاروں نے فوری طور پر ردعمل دیا جس کے بعد جوابی کارروائی کے نتیجے میں مشتبہ شخص ہلاک ہوگیا۔

مارے جانے والے شخص کی شناخت بن قاسم کے نام سے ہوئی ہے جو کہ عرب نژاد فرانسیسی شہری ہے اور پہلے سے ہی سیکیورٹی فورسز کی واچ لسٹ پر تھا۔

پولیس نے مشتبہ شخص کی رہائش گاہ پر چھاپا مار کر اُس کے بھائی اور والد کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ ملزم کے زیر استعمال چیزیں بھی تحویل میں لے لی گئی ہیں، جن کی مدد سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔