برطانیہ میں بریگزٹ پر عملدرآمد مرحلہ وار جاری

File Photo

File Photo

لندن :برطانیہ یورپ سے علیحدگی کیلئے اگلے ہفتے یورپی یونین کو باقاعدہ طور پر تحریری درخواست دے گا۔

برطانوی عوام کی جانب سے یورپی یونین سے علیحدگی کے فیصلے کے بعد برطانوی وزیراعظم ٹریزامے اُنتیس مارچ کو یورپی یونین کو خط لکھیں گی۔ جس میں یورپی یونین کو علیحدگی کے فیصلے سے باقاعدہ طور پر آگاہ کیا جائے گا۔

ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ کے ترجمان نے اُمید ظاہر کی ہے کہ باقاعدہ رابطے کے بعد علیحدگی کی شرائط اورمستقبل کے تعلقات پر مذاکرات شروع کردیے جائیں گے۔

اُنتیس مارچ کو ہی برطانوی حکومت کی جانب سے آرٹیکل ففٹی کو فعال کیا جائے گا، جس کے تحت ہی برطانوی حکومت یورپ سے علیحدگی کے لیے مذاکرات کرے گی۔

برطانیہ کو مارچ دوہزار اُنیس سے قبل یورپ سے علیحدہ ہونا ہے، تاہم اس کی باقاعدہ علیحدگی کا فیصلہ مذاکرات سے ہی ممکن ہے۔