انڈیا: ’بیٹے نے تین سال تک ماں کی لاش فریزر میں رکھی‘

Hindustan Times

Hindustan Times

انڈیا میں پولیس کا کہنا ہے کہ انھوں نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جس نے اپنی والدہ کی لاش کو تین سال تک فریزر میں رکھا۔

کولکتہ پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص سوبھابراتا مجمدار نے بظاہر لاش کو حنوط کیا اور کیمیکل کے ذریعے محفوظ رکھا۔

اب پولیس اس بات کی تحقیق کر رہی ہے کہ کیا اس مشتبہ شخص نے اپنی والدہ کی لاش کو اس لیے رکھا تاکہ وہ ان کی موت کے بعد بھی ان کی پینشن حاصل کرتا رہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس شخص کا ماننا تھا کہ اس کی والدہ کا دوبارہ جنم ہوگا اگر وہ ان کی لاش کو محفوظ رکھے گا۔

پولیس اہلکار نے بی بی سی کے امیتابھ بھٹشالی کو بتایا: ’ہم نے لاشوں کو محفوظ رکھنے سے متعلق کئی جریدے اور دوبارہ جنم کے حوالے سے کتابیں بھی برآمد کی ہیں۔‘

حکام کا کہنا ہے کہ انھوں نے بدھ کو ایک فون کال کے ذریعے اطلاع ملنے کے بعد اس شخص کے گھر پر چھاپہ مارا۔

انھوں نے بتایا کہ ’ہمیں ایک بڑے فریزر میں خاتون کی لاش ملی جسے کیمیکل کے ذریعے محفوظ کیا گیا تھا۔ ہمیں ایسے برتن بھی ملے جس میں جسم کے مختلف اعضا پڑے تھے۔‘

پولیس کا کہنا ہے کہ چونکہ یہ مشتبہ شخص ایک لیدر ٹیکنالوجسٹ ہے لہذا اس کے لیے ایسے کمیکلز تک رسائی حاصل کرنا آسان تھا جن کے ذریعے لاش کو ’حنوط‘ کیا جا سکے۔

بعض رپورٹس کے مطابق سوبھابراتا مجمدار کی والدہ کی اپریل 2015 میں موت کے بعد خاندان والوں نے ان کی آخری رسومات ادا کرنے کی بجائے ان کی لاش کو فریزر میں رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

Courtesy: BBC Urdu

loading...
loading...