دوسرا سیمی فائنل: کینگروز کا انگلینڈ کو جیت کیلئے 224 رنز کا ہدف

eng

برمنگھم:عالمی کپ 2019 کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے میزبان انگلینڈ کو جیت کیلئے 224 رنز کا ہدف دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلوی ٹیم 49 ویں اوور میں 223 رنز بناکر آؤٹ ہوئی، اسٹیو اسمتھ نے 85 رنز کی اننگز کھیلی۔

اس کے علاوہ ایلکس کیری نے 46، مچل اسٹارک نے 29 اور گلین میکسویل نے 22 رنز اسکور کئے۔

آسٹریلوی ٹیم اننگز کے آغاز سے ہی مشکلات کا شکار رہی، محض 14 رنز پر 3 بلے باز پویلین لوٹے تو اسمتھ اور کیری نے 104 رنز کی شراکت داری قائم کرکے اننگز کو سہارا دیا۔

کیری کے پویلین لوٹنے کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا، اسٹارک اور میکسویل نے کسی حد تک اسمتھ کا ساتھ دیا مگر اسمتھ 85 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔

انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس اور عادل رشید نے تین تین، جوفرا آرچر نے دو جبکہ مارک ووڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

انگلینڈ نے آسٹریلیا کیخلاف میچ کیلئے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے تاہم آسٹریلوی ٹیم میں ان فٹ عثمان خواجہ کی جگہ پیٹر ہینڈز کومب کو شامل کیا گیا ہے۔

کرکٹ ورلڈکپ کے لیگ میچز میں آسٹریلیانے 9 میں سے 7 میچز جیتے اور 2 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ انگلینڈ کی ٹیم 6 میچز میں فاتح رہی اور 3 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

 پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا کی ٹیم 14 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم 12 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

سیمی فائنل سے قبل راؤنڈ میچز میں آسٹریلیا نے میزبان انگلینڈ کو 64 رنز سے شکست دی تھی جبکہ وارم اپ میچ میں بھی آسٹریلوی ٹیم نے ساؤتھمپٹن میں انگلش سائیڈ کو 12 رنز سے زیر کیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 18 رنز سے شکست دیکر ایونٹ سے باہر کردیا تھا۔

loading...
loading...