ورلڈ کپ : پاکستان کا آسٹریلیا کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

فائل فوٹو

فائل فوٹو

ٹاؤئنٹن :کرکٹ ورلڈ کپ کے 17ویں میچ میں پاکستان نے دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

ٹاؤنٹن میں کھیلے جارہے ورلڈ کپ کے 17ویں میچ کا ٹاس پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے جیت کر پہلے آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔

ٹاؤنٹن میں موسم خشک اور سرد ہوگیا ہے، بارش کا امکان بھی کم رہ گیا ہے ،گرین ٹاپ پچ ہونے کی وجہ سے پاکستان نے 4 فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے،ٹیم میں شاداب خان کی جگہ شاہین شاہ آفریدی کو شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان نے اب تک میگا ایونٹ میں دو میچز کھیلے ہیں جس میں ویسٹ انڈیز کیخلاف شکست اور میزبان انگلینڈ کے خلاف کامیابی حاصل کر رکھی ہے۔ پاکستان کا سری لنکا کیخلاف تیسرا میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا۔ جس پر دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا گیا تھا۔

اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کی چوتھی پوزیشن ہے جبکہ گرین شرٹس ساتویں نمبر پر ہے۔ عالمی کپ مقابلوں میں دونوں ٹیمیں اب تک ایک دوسرے کیخلاف 9 میچ کھیل چکی ہیں جن میں سے 4 پاکستان اور 5 آسٹریلیا نے جیتے ہیں۔

مجموعی طور پر پاکستان اور آسٹریلیا کے 100 ایک روزہ میچ ہو چکے ہیں، ان 100میں صرف 32 میچ ہی پاکستان اپنے نام کر سکا جبکہ 67 میچ آسٹریلیا کے نام رہے اور ایک میچ برابر رہا۔

loading...
loading...