ورلڈکپ کیلئے پاکستان دوسری یا تیسری فیورٹ ہے، مورگن

morgan

گزشتہ 4 برس سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی انگلش ٹیم کے کپتان اوئن مورگن نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو ورلڈکپ کیلئے دوسری یا تیسری فیورٹ ٹیم قرار دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انگلینڈ کے کپتان اوئن مورگن کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2017 میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی تھی، اس لئے یقیناً وہ ورلڈکپ میں بھی اچھی تیاری کے ساتھ آئیں گے۔

انہوں نے گرین شرٹس کو ورلڈکپ میں حریف ٹیموں کے لئے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ورلڈکپ میں دوسری فیورٹ ٹیم ہوگی۔

انہوں نے ورلڈکپ سے قبل پاکستان کے خلاف سیریز کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش یہی ہے کہ پاکستان کیخلاف سیریز میں فتح حاصل کریں۔

اپنی ٹیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مورگن کا کہنا تھا کہ گزشتہ برسوں میں ہماری ٹیم نے ون ڈے کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھائی ہے۔

انگلش کپتان نے مزید کہا کہ ہماری ٹیم کی بہترین کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے شائقین کو بہت سی امیدیں ہیں اس لئے ہماری کوشش ہوگی کہ اس مرتبہ ورلڈکپ میں کامیابی حاصل کرکے تاریخ کو بدل دیں۔

واضح رہے دنیا دوسرا مقبول ترین یہ کھیل (کرکٹ) انگلینڈ کی ہی ایجاد ہے تاہم آج تک انگلینڈ کی ٹیم ورلڈکپ کا ٹائٹل اپنے نام نہیں کرسکی ہے۔

loading...
loading...