وسیم اکرم نے ورلڈکپ کی فیورٹ ٹیم کا نام بتادیا

wasim

دنیائے کرکٹ میں ‘کنگ آف سوئنگ’ کے نام سے پہچانے جانے والے پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم نے بھارتی کرکٹ ٹیم کو ورلڈکپ جیتنے کیلئے فیورٹ قرار دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ میں جتنی بھی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں ان میں بھارتی ٹیم سب سے مضبوط دکھائی دے رہی ہے۔

انہوں نے کیویز کو ‘ڈارک ہورس’ کا لقب دیا اس کے علاوہ پاکستان ٹیم کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ دوسری ٹیموں کے مقابلے ہماری ٹیم متوازن نظر آ رہی ہے۔

وسیم اکرم کی جانب سے اس بات کی نشاندہی کی گئی کہ اس مرتبہ پاکستانی ٹیم میں بڑی اننگز کھیلنے والے بلے باز موجود ہیں اس لئے اس بار ورلڈکپ میں اچھی کارکردگی کی امید ہے۔

سوئنگ کے سلطان کا مزید کہنا تھا کہ ورلڈکپ سے قبل دورہ انگلینڈ پاکستان کیلئے انتہائی سودمند ثابت ہوگا اور اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان ٹیم ورلڈکپ جیت سکتی ہے۔

وسیم اکرم نے مزید کہا کہ پاکستان کے کوچز کو ورلڈکپ سے قبل گیند بازوں پر بہت محنت کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پی ایس ایل کے بعد فاسٹ بولرز فارم میں آجائیں گے۔

واضح رہے اب تک کئی لیجنڈ کرکٹرز کی جانب سے بھارتی اور انگلش ٹیم کو فیورٹ قرار دیا جاچکا ہے تاہم تقریباً ان تمام ہی لیجنڈز کی جانب سے پاکستان کو بھی خطرے کی علامت قرار دیا گیا ہے۔

loading...
loading...