جوہانسبرگ ٹیسٹ: پاکستانی بولرز کی سر توڑ کوششیں جاری

00

جوہانسبرگ: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین کھیلی جارہی 3 میچز کی سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کے پہلے روز چائے کے وقفے تک جنوبی افریقہ نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 226 رنز اسکور کرلئے۔

تفصیلات کے مطابق اس میچ کا ٹاس جنوبی افریقی کپتان ڈین ایلگر نے جیتا اور پہلے خود باری لینے کا فیصلہ کیا، پروٹیز کا آغاز اتنا اچھا نہ رہا محض 6 کے اسکور پر کپتان ایلگر محمد عباس کا شکار ہوئے۔

ایلگر کے آؤٹ ہوتے ہی ہاشم آملہ اور مارکرم نے ٹیم کی کمان سنبھالی اور اسکور میں 126 رنز کا اضافہ کیا، مارکرم 90 رنز بنا کر فہیم اشرف کا شکار بنے اور محض 10 رنز کی کمی سے سینچری اسکور نہ کرسکے۔

جنوبی افریقہ کا مجموعہ 154 تک پہنچا تو ہاشم آملہ بھی شاداب خان کا شکار ہوکر پویلین چلتے بنے۔ اپنا ڈیبیو میچ کھیلنے والے نوجوان بلے باز زبیر حمزہ وکٹ پر پہنچے تو انہوں نے نہایت پر اعتماد طریقے سے پاکستانی گیند بازوں کا مقابلہ کیا۔

چائے کے وقفے تک جنوبی افریقہ کا اسکور 3 وکٹوں کے نقصان پر 226 رنز تھا جبکہ ڈی برائن اور زبیر حمزہ باترتیب 48 اور 38 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

loading...
loading...