بڑا ریکارڈ آفریدی کے نام مگر انہیں پتہ ہی نہ چلا

lala

پاکستان کے سابق مایہ ناز اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کے دوران کئی منفرد ریکارڈز اپنے نام کئے، انہیں بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا اعزاز حاصل ہے جبکہ 1996 میں انہوں نے سری لنکا کے خلاف ون ڈے کی تیز ترین سینچری بھی اسکور کی تھی جسے پہلے کورے اینڈرسن اور پھر ڈیویلیئرز نے اپنے نام کیا۔

تفصیلات کے مطابق بوم بوم آفریدی ان دنوں بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں کومیلا ویکٹورینز کی نمائندگی کررہے ہیں اور اب تک زبردست کارکردگی پیش کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

انھوں نے پہلے میچ میں بولنگ میں ایک وکٹ لی اور پھر بیٹنگ میں ناقابل شکست 39 رنز کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کرکے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا اور مین آف دی میچ کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ دوسرے میچ میں ان کی ٹیم بری طرح ناکام رہی مگر آفریدی نے اس میچ میں بھی 25 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کی جانب سے ٹاپ اسکورر رہے۔

پہلے میچ میں ایک وکٹ حاصل کرنے کے بعد شاہد آفریدی پہلے پاکستانی اور مجموعی طور پر تیسرے کھلاڑی بن گئے جنھوں نے ٹی ٹوینٹی کرکٹ کی تاریخ میں 300 وکٹیں اور 4000 سے زائد رنز اسکور کئے ہوں۔

یہ ریکارڈ قائم کرنے کے بعد جب بوم بوم کے ایک مداح نے ٹویٹر پر اعدادوشمار پوسٹ کئے تو شاہد آفریدی نے اپنے مداح کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ کیا واقعی ایسا ہے؟ یعنی یہ بات شاہد آفریدی کے علم میں ہی نہیں تھی۔

ان سے قبل ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر ڈوین براؤو اور بنگلہ دیش کے شکیب الحسن بھی ٹی ٹوینٹی کرکٹ میں یہ اعزاز اپنے نام کرچکے ہیں۔

loading...
loading...