تیسرا ٹیسٹ: چوتھے روز کھانے کا وقفہ، میچ دلچسپ مرحلے میں داخل

kiwi

ابوظہبی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جارہے ٹیسٹ سیریز کے فیصلہ کن معرکے میں چوتھے روز کھانے کے وقفے تک کیویز نے 4 وکٹوں پر 112 رنز بنالئے، کیویز کو 38 رنز کی برتری حاصل ہوگئی جبکہ ان کی ابھی 6 وکٹس باقی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ابوظہبی کے میدان پر کھیلے جارہے سیریز کے آخری ٹیسٹ کے چوتھے روز نیوزی لینڈ نے 2 وکٹ کے نقصان پر 26 رنز سے اننگز دوبارہ شروع کی تو یاسر شاہ اور شاہین شاہ نے یکے بعد دیگرے 2 جھٹکے دے کر کیویزکو شدید مشکلات سے دوچار کردیا۔

یاسر شاہ تیز ترین 200 ٹیسٹ وکٹیں مکمل کرنے والے گیند باز بھی بن گئے، انہوں نے اپنے کیریئر کے 33 ویں ٹیسٹ میں یہ کارنامہ انجام دیا۔

ایسے میں کپتان کین ولیمسن اور ہینری نکلز وکٹ پر ڈٹ گئے اور ایک پراعتماد شراکت داری قائم کرنے میں کامیاب ہوگئے، دونوں کے درمیان اب تک 52 رنز کی شراکت داری بن چکی ہے جبکہ ولیمسن 55 اور نکلز 20 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

اس سے قبل کیویز کے 274 رنز کے جواب میں پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 348 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی، پاکستان کی جانب سے اسد اور اظہر نے شاندار سینچریاں اسکور کیں اور پہلی اننگز میں 74 رنز کی برتری دلوانے میں اہم کردار ادا کیا۔

واضح رہے یہ ٹیسٹ سیریز 1-1 سے برابر ہے اور جو بھی ٹیم یہ میچ جیتے گی وہ سیریز اپنے نام کرلے گی۔

loading...
loading...