حفیظ کو شعیب اختر نے ریٹائرمنٹ لینے سے روکا

hafeez

دبئی: آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز شاندار سنچری داغنے والے محمد حفیظ کے بارے میں ایک سنسنی خیز انکشاف ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ خبر سامنے آئی ہے کہ انہوں نے پاکستان کی ٹیم میں منتخب نہ ہونے کے باعث ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کرلیا تھا۔

دلبرداشتہ محمد حفیظ کی جانب سے ریٹائرمنٹ کا حتمی فیصلہ کرلیا گیا تھا لیکن راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے انہیں فون کیا اور ایسا کرنے سے منع کیا۔

آل راؤنڈر محمد حفیظ تقریباً دو سال بعد پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم میں واپس آئے ہیں، انہوں نے اپنے کم بیک کو دھماکے دار بناتے ہوئے کیرئیر کی 10 ویں سنچری اسکور کر ڈالی۔

اتوار کے روز شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ کا ٹاس پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ پاکستانی اوپنرز محمد حفیظ اور امام الحق نے 205 رنز کی شاندار اوپننگ شراکت داری قائم کی تھی۔

پہلے دن کے کھیل کے بعد انہوں نے بتایا کہ کس طرح سے وہ ریٹائرمنٹ کو لے کر اپنا حتمی فیصلہ کرچکے تھے، تاہم کم بیک میچ میں انہوں نے شاندار سینچری اسکور کرلی۔

حفیظ نے بتایا کہ وہ گزشتہ مہینوں میں کئی پریشانیوں سے گزرے، وہ کچھ سخت قدم اٹھانے جارہے تھے، لیکن ان کی اہلیہ نے انہیں روک لیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس مشکل وقت میں خاص کر شعیب اختر بھائی نے مجھے فون کرکے یہ بڑا فیصلہ کرنے سے روکا اور سمجھایا کہ ابھی بہت کچھ باقی ہے۔

سینچری اسکور کرنے کے بعد انہوں نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر بھی شعیب اختر کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں ٹیم میں واپس آیا تو سب ہی ساتھی کھلاڑیوں نے میرا استقبال کیا اور مجھے پر اعتماد بنایا، جس کی وجہ سے مجھ میں توانائی آئی اور میں اس واپسی سے کافی خوش ہوں۔

loading...
loading...