پاکستانی گیمرز کی ٹیم پشاوز لمی کے تعاون سے چین پہنچ گئی

فائل فوٹو

فائل فوٹو

پی ایس ایل چیمئنز پشاور زلمی کی کھیل دوستی کا ایک اورثبوت، ورلڈ الیکٹرونک اسپورٹس گیمز کیلئے پاکستانی گیمرز کی ٹیم زلمی کے تعاون سے چین پہنچ گئی۔

کھیلوں کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے جذبے کو آگے بڑھاتے ہوئے پشاور زلمی نے ورلڈ الیکٹرونک گیمز کیلئے پاکستان کی ٹیم کو اسپانسر شپ فراہم کی جس کے بعد سبز ہلالی پرچم کوبلند کرنے کا عزم لیے پاکستانی گیمرز کی ٹیم چین پہنچ گئی۔

پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے کہا کہ کرکٹ کے ساتھ پشاور زلمی اور زلمی فاؤنڈیشن دیگر کھیلوں اور کھلاڑیوں کی ہر ممکن مدد کا عزم رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ الیکٹرونک اسپورٹس گیمز میں پاکستانی نوجوانوں کی شرکت اعزاز کی بات ہے اور امید ہے کہ ہمارے نوجوان گیمز ایونٹ میں پاکستان کا نام روشن کریں گے۔

ایونٹ کیلئے پاکستان ٹیم میں اریب رحمان، اویس خٹک، محمد انس ایوب، ذاکر ناصر اور عبدالحسیب خان شامل ہیں اور دنیا کے مقبول ترین گیم کاؤنٹر اسٹرائیک میں دنیا بھر کے گیمرز کے مدمقابل ہوں گے۔

پورٹل (گیمنگ زون) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فواد غوری نے کہاکہ یہ 10سال میں پہلا موقع ہے جب پاکستان کسی ورلڈ الیکٹرونک ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہا ہےاور وہ پشاور زلمی اور جاوید آفریدی کے شکرگزار ہیں جن کے تعاون سے پاکستانی گیمرز کی ایونٹ میں شرکت ممکن ہوسکی۔