امریکی کمپنی نے انوکھے انداز میں ٹائلز متعارف کرادیئے

فائل فوٹو

فائل فوٹو

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک نے چھتوں پر لگنے والی ایسی ٹائلز متعارف کروائی ہیں جن میں شمسی توانائی کے پینل لگے ہوئے ہیں۔

بی بی سی اردو کے مطابق شیشے کی بنی یہ ٹائلز گھروں میں شمسی توانائی کے پینل لگانے کا ایک قدرے خوبصورت انداز ہے۔

امریکی شہر لاس اینجلس میں ٹی وی شو ڈیسپریٹ ہاؤس وائیوز کے سیٹ پر ان ٹائلز کی نمائش کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ ٹیسلا حال ہی میں مشکلات کی شکار شمسی توانائی کی کمپنی سولر سٹی کا کنٹرول سنبھالنے والی ہے۔

تاہم ٹیسلا میں سرمایہ کاری کرنے والے بہت سے افراد نے ایلون مسک کی جانب سے سولر سٹی کو خریدنے کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

سولر سٹی کے سی ای او ایلون مسک کے کزن ہیں۔ نومبر 17 کو ٹیسلا کے سرمایہ کار سولر سٹی کو خریدنے پر ووٹ دیں گے۔

یاد رہے کہ ٹیسلا برقی گاڑیاں بنانے والی کمپنی ہے اور حال ہی میں کیے گئے اعلان کے مطابق اب اس کی تمام گاڑیوں میں انہیں خودکار طریقے سے چلانے کیلئے درکار آلات نصب کیے جائیں گے۔

تاہم کیمرے، سینسرز اور ریڈارز متعارف کروائے جانے کے بعد بھی یہ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ گاڑیوں کو مکمل طور پر خودکار بنانے کیلئے کئی سال لگ سکتے ہیں۔

ٹیسلا نے گذشتہ سال آٹو پائلٹ نظام متعارف کروایا تھا جس میں خودکار بریک کا نظام شامل کیا گیا تھا۔

لیکن فی الحال کمپنی نے اس نئے نظام کا ’بھرپور‘ تجزیہ کرنے کیلئے اس آٹو پائلٹ نظام کو تمام نئی گاڑیوں میں بند کر دیا ہے۔

بشکریہ بی بی سی اردو

loading...
loading...