بلاول بھٹو کی فیصل ایدھی سے انوکھے انداز میں تعزیت

bilawal_image

فائل فوٹو

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے شاہ ی خاندان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، عبدالستار ایدھی مرحوم کی تعزیت کیلئے خود کھارادر جانے کے بجائے ان کے بیٹے فیصل ایدھی کو کلفٹن کے سینٹر بلالیا،ان کو بتایا گیا کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کلفٹن محفوظ مقام ہے۔

ویسے تو ہمیشہ سے یہی ہوتا آیا ہےکہ تعزیت کیلئے مرحوم کے گھر جایا جاتا ہے،لیکن آج اس ساری تعلیم کی اہمیت اس وقت صفر ہوگئی،جب بلاول بھٹو نے عبدالستار ایدھی کے انتقال کی تعزیت کی۔جی ہاں!بلاول بھٹو، فیصل ایدھی سے تعزیت کرنے کھارادر نہیں گئے،بلکہ خود ان کو کلفٹن کے ایدھی سینٹر بلایا گیاتاکہ بغیر وقت ضائع کیئے بلاول ہاؤس کے قریب ہی تعزیت کرلی جائے۔

تعزیت بھی کی اور ایدھی سینٹر میں یتیم بچوں سے ملاقاتیں بھی،بلاول بھٹو نے کہا کہ عبدالستارایدھی کا انتقال ناقابل تلافی نقصان ہے،ایدھی کی سماجی خدمات وآگے بڑھائیں گے۔

میڈیا سے بات چیت میں فیصل ایدھی نے کہا ایدھی ہوم کلفٹن سے بینظیر بھٹو کا گہرا تعلق تھا،اسی لئے بلاول نے ایدھی کلفٹن پر تعزیت کو بہتر سمجھا،رکن قومی اسمبلی نفیشہ شاہ نے کہا کہ بلاول بھٹوکے آنے کا مقصد صرف تعزیت کرنا تھا۔

بلاول بھٹو کی تعزیت سے فیصل ایدھی کو قلبی اطمینان ہوا ہو یا نہیں،البتہ ان کی آمد سے ایدھی سینٹر کی قسمت ضرور چمک گئی،سیکیورٹی سخت جبکہ گلیوں اور شاہراؤں میں پڑی گندگی فوراً صاف ہوگئی۔

بلاول بھٹو کو ویسے تو ایدھی صاحب کی عیادت کے لئے کھارادر آنے میں کوئی خطرہ نہیں تھا، لیکن انتقال کے بعد نہ جانے کیا ہوا کہ سیکیورٹی حکام نے کھارادر ایدھی سینٹر جانے کو سیکیورٹی رسک قرار دے دیا۔

loading...
loading...