ملک بھر میں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے

فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد:ملک بھر میں 73واں  یوم آزاد ملی جوش وجذبے سے منایا جارہا ہے، ملک بھر میں سرکاری عمارتوں، سڑکوں اور راستوں کو قومی پرچموں سے سجایا گیا ہے۔

پاکستان سمیت دنیا بھرمیں جہاں جہاں پاکستانی مقیم ہیں وہ آج  14اگست کو 73واں یوم آزادی ’’کشمیر بنے گا پاکستان ‘‘ کے جوش وجذبے کے تحت منا رہے ہیں،ملک بھر میں سبز ہلالی پرچموں کی بہارہے۔

یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی مرکزی تقریب کنونشن سینٹر اسلام آباد میں جاری ہے جس میں صدر مملک عارف علوی مہمان خصوصی ہیں۔

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات سمیت دیگر اعلیٰ سول و عسکری قیادت بھی موجود ہے۔

تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کے بعد نعت مقبول رسول پیش کی گئی اور باقاعدہ آغاز کیا گیا،مرکزی تقریب حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی اور اپنی نظم بھی پیش کی۔

دوسری جانب جشن آزادی کے موقع پر آج وزیراعظم عمران خان آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب بھی کریں گے۔

یومِ آزادی پر دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد ملکی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ کشمیری عوام کی طویل جدوجہد کی کامیابی کیلئےخصوصی دعاؤں سے ہوا۔

دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

یومِ آزادی پر مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جس میں پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالے، اعزازی گارڈز کا دستہ پاکستان نیول اکیڈمی کے 48 کیڈٹس پر مشتمل ہے۔

 گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کے مہمان خصوصی نے مزار قائد پر فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے۔

اس کے علاوہ مزار علامہ اقبال پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جس میں ناردرن لائٹ انفنٹری کے دستے نے مزار اقبال پر گارڈز کے فرائض سنبھال لئے۔

loading...
loading...