پشین:اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی کے قریب دھماکا، 3 لیویز اہلکار شہید

فائل فوٹو

فائل فوٹو

پشین:پشین میں  بائی پاس پر اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 3 لیویز اہلکار شہید  جبکہ 2زخمی ہوگئے۔

آج نیوز کے مطابق،جمعے کو  بلوچستان کے ضلع پشین میں بائی پاس کےقریب  اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔

دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ، اب تک موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق 3 لیویز اہلکار شہید جبکہ 2زخمی ہوئے ہیں، جنہیں طبی امداد کیلئے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہےکہ دھماکا موٹرسائیکل کے ذریعے کیا گیا، دھماکا خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب تھا جو اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی قریب آتے ہی زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔

پولیس کے مطابق،دھماکے کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر برشور امیر زمان محفوظ رہے ، زور دار دھماکے نے ارد گرد کی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔

دھماکے کے بعد پولیس اور لیویز کی بھاری نفری نے علاقے میں پہنچ کر جائے وقوعہ کو سیل کردیا جب کہ لیویز نے بھی سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

پولیس کے مطابق،دھماکا خودکش تھا یا ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا، اس کی نوعیت جاننے کیلئےبم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا گیا ہے۔

دھماکے کے بعد قریبی اسپتال میں بھی ہائی الرٹ کردیا گیا ہے جبکہ پشین بائی پاس کو آمدو رفت کیلئے بند کردیا گیا ہے۔

loading...
loading...