کیپٹن (ر) صفدر نیب کو گرفتاری دینے راولپنڈی پہنچ گئے

safdar

راولپنڈی: سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر قومی احتساب بیورو (نیب) کو  گرفتاری دینے راولپنڈی میں (ن) لیگ کی ریلی میں پہنچ گئے۔

دوسری جانب نیب کی ٹیم پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ لیاقت باغ پہنچ چکی ہے، جہاں سے کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کرکے نیب راولپنڈی کے آفس لے جایا جائے گا۔

کیپٹن (ر) صفدر نے اعلان کیا تھا کہ وہ آج نیب کو اپنی گرفتاری دے دیں گے، تاہم انہوں نے اپنا مقام خفیہ رکھا اور اب وہ راولپنڈی میں اچانک (ن) لیگ کی ریلی میں پہنچ گئے۔

ریلی میں چوہدری تنویر، ملک ابرار، شکیل اعوان اور دیگر مقامی پارٹی رہنما موجود ہیں اور کیپٹن (ر) صفدر  ریلی کی قیادت کر رہے ہیں جس میں کارکنان کی بڑی تعداد موجود ہے۔

(ن) لیگی رہنماؤں کی ریلی لیاقت روڈ سے راجا بازار کی جانب گامزن ہے جب کہ کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کے لیے نیب کی ٹیم پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ بھی ریلی کے قریب موجود ہے۔

اس سے قبل کیپٹن (ر) صفدر نے کہا تھا کہ جہاں سے پارٹی نے فیصلہ کیا میں اس شہر سے گرفتاری دینے جارہا ہوں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ (ن) لیگ ہزارہ ڈویژن سے کلین سوئپ کرے گی، عوام سردار محمد یوسف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو ووٹ دیں۔

یاد رہے کہ احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا کا حکم سنایا تھا جب کہ اسی ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو 10 سال اور مریم نواز کو 7 سال قید کا حکم دیا گیا ہے۔

loading...
loading...