چیئرمین نیب نے قائمہ کمیٹی کے سامنے پیش ہونے سے معذرت کرلی

فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد:چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے سامنے پیش ہونے سے معذرت کرلی ۔

ذرائع کے مطابق،بدھ کو  چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے سامنے پیش ہونے سے معذرت نیب ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کی بنیاد پر کی۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب نے قومی اسمبلی کو جو جواب جمع کرایا ہے اس میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی میں پیش ہونے کا نوٹس مجھے آج صبح موصول ہوا،میری پہلے سے میٹنگز اور مصروفیات کا شیڈول طے تھا، اس لئے اجلاس میں شرکت نہیں کرسکتا۔

چیرمین نیب نے جواب میں یہ بھی کہا ہے کہ کمیٹی میں پیش ہونے کیلئے مناسب وقت دیا جائے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے چیئرمین نیب کی معذرت کو قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے نیب آفس کے ساتھ خط وکتابت کا ریکارڈ اسپیکر قومی اسمبلی کو ارسال کردیا ہے۔

قائمہ کمیٹی قانون و انصاف کا اجلاس آج دوپہر ڈھائی بجے طلب کیا گیا تھا جس میں کمیٹی نے چیئرمین نیب کو ذاتی حیثیت میں طلب کر رکھا ہے۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کے نوید قمر اور شگفتہ جمانی نے کمیٹی کی رکنیت سے استعفے دے دیئے ہیں ،انہوں نے اپنے استعفے اسپیکر قومی اسمبلی کو جمع کرادیئے ہیں۔

 انہوں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پارلیمنٹ اداروں کو کمزور نہیں مضبوط کرتی ہے، چیئرمین نیب کی طلبی ادارے کے کام میں مداخلت کے مترادف ہے، اس اقدام سے نیب کمزور ہوگی۔

loading...
loading...