پنجاب حکومت نے رواں سیزن میں گندم کی خریداری کا ہدف 40 لاکھ ٹن مقررکردیا

gundum

لاہور: پنجاب حکومت نے رواں سیزن میں گندم کی خریداری کا ہدف 40 لاکھ ٹن مقررکردیا۔ کاشتکاروں سے گندم تیرہ سو روپے فی من کے حساب سے خریدی جائے گی۔

  اس امر کا فیصلہ وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت گندم خریداری پالیسی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گندم خریداری مہم کے دوران چھوٹے کاشتکار کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ کاشتکاروں کو باردانہ ان کی دہلیز پر فراہم کیا جائے گا۔ باردانہ کی تقسیم سو فیصد میرٹ اور شفاف نظام کے تحت ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ خریداری مراکز پر کرپٹ عملے کی تعیناتی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

صوبائی وزراء، مشیران اور سیکرٹریز اپنے اضلاع میں خریداری مراکز کے دورے کریں گے۔