فواد حسن فواد کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 14روز کی توسیع

فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور:نیب عدالت لاہور نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کر دی۔

 احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج منیر احمد نے آشیانہ اقبال سکینڈل کیس کی سماعت کی۔

نیب وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم فواد حسن فواد نے بطور سیکرٹری امپلی مینٹیشن برائے وزیر اعلی پنجاب اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔

ملزم نے پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو طاہر خورشید کو آشیانہ اقبال پراجیکٹ کا کنٹریکٹ معطل کرنے کے غیر قانونی احکامات جاری کئے، جس کے مطابق کنٹریکٹ حاصل کرنےوالے چوہدری لطیف اینڈ سنز کا ٹھیکہ معطل کروایا گیا۔

 کنٹریکٹ کی غیر قانونی معطلی کی وجہ سے حکومت کو  5.9 ملین بطور جرمانہ ادا کرنا پڑا۔ ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں15 روز کی توسیع کا حکم صادر کیا جائے۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کا حکم دیتے ہوئے ملزم کو دوبارہ 18 اگست کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

loading...
loading...