عمران خان کی پی آئی اے معاملہ اسمبلی میں اٹھانے کی یقین دہانی

12
لاہور:عمران خان کی بھارت سے واپسی پر لاہور ایئرپورٹ پر پی آئی اے کی مجوزہ نجکاری کے خلاف ملازمین نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ عمران خان نے مظاہرین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے معاملے کو قومی اسمبلی میں اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان بھارت کا دورہ مکمل کرکے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے تو اس موقع پر پی آئی اے کی مجوزہ نجکاری کے خلاف ملازمین نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ریلی نکالی۔ ہاتھوں میں بینرز اٹھائے مظاہرین نے نجکاری کے خلاف نعروں سے مزین شرٹس پہن رکھی تھیں۔ اس موقع پر شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔

مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پی آئی اے کی نجکاری کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے ورنہ بیروزگاروں کی ایک نئی فوج تیار ہوجائے گی۔ احتجاج کے موقع پر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور شاہ محمود قریشی مظاہرین کے پاس گئے اور انہیں یقین دلایا کہ وہ اسمبلی میں اس معاملے پر آواز اٹھائیں گے۔