پیالے میں سکّہ فریج کے ایک بڑے مسئلے کا حل

Untitled-1

کراچی: لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ اب ہماری زندگی کا لازمی حصہ بن چکا ہے۔ اس پریشانی نے مزید کئی پریشانیوں کو جنم دیا ہے، جن میں سے ایک فریج بند ہونے کے باعث اس میں رکھی چیزوں کا خراب ہونا ہے۔

رپورٹ کے مطابق لوڈ شیڈنگ کے باعث بعض اوقات فریج کئی گھنٹے کیلئے بند ہو جاتا ہے اور اس میں پڑے کھانوں کے خراب ہونے کا خدشہ پیدا ہو جاتا ہے۔

 خاص طور پر فریزر میں رکھی وہ اشیاء جنہیں ایک بار غیر منجمد ہونے کے بعد دوبارہ فریز نہیں کرنا چاہیے۔

اگر تو آپ گھر پر ہی ہیں تو ٹھیک ہے، لیکن اگر آپ سارا دن باہر گزار کر گھر واپس آتے ہیں تو کیسے پتا چلے گا کہ فریج کچھ  گھنٹوں کیلئے بند ہوا تھا یا نہیں۔ یعنی فریزر میں رکھی اشیاء غیر منجمد ہونے کے بعد دوبارہ فریز تو نہیں ہو رہیں؟

یہ جاننے کیلئے آپ کو کسی جدید ٹیکنالوجی نہیں بلکہ صرف ایک سکّے کی ضرورت ہے۔ یہ دیسی طریقہ کچھ اس طرح ہے کہ ایک پیالے میں پانی ڈال کر اسے فریزر میں رکھ دیں اور جب یہ برف بن چکا ہو تو اس کے اوپر ایک سکہ رکھ دیں۔

اب آپ کو جب ضرورت ہو اسے چیک کر سکتے ہیں۔ اگر سکہ برف کے اوپر ہی پڑا ہے تو سب ٹھیک ہے لیکن اگر یہ نیچے بیٹھ چکا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ فریج کافی گھنٹے بند رہا ہے، جس کے باعث برف پگھلی اور سکہ نیچے چلا گیا۔

اس صورت میں آپ کو وہ کھانے باہر نکال دینے چاہئیں جنہیں دوبارہ فریز کرکے استعمال کرنا مناسب نہیں۔

loading...
loading...