ایم کیوایم کا لندن آفس سے لاتعلقی کا اعلان

farooq sattar

فائل فوٹو

 

کراچی:متحدہ قومی موومنٹ نے منگل کو لندن میں اپنے مرکزی دفتر سے اظہار لاتعلقی کرتے ہوئے پاکستان سے آپریٹ کرنے کا اہم اعلان کر دیا۔

 آج کراچی میں ایک اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستانی جماعت ہے اور یہیں سے کام کرے گی۔

انہوں نے  کل میڈیا ہاؤسز پر مشتعل ہجوم کے حملوں اور توڑ پھوڑ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ‘ہم کل بھی تشدد کے خلاف تھے اور آج بھی تشدد کی مخالفت کرتے ہیں۔ تشدد ایم کیو ایم کی پالیسی نہیں’۔

ایم کیو ایم کے کئی ارکان پارلیمنٹ بھی پریس کانفرنس کے دوران فاروق ستار کے ہمراہ موجود تھے۔

پریس کانفرنس کی ابتدا میں صحافیو ں نے احتجاج کرتے ہوئے میڈیا پر حملے نامنظور کے نعرے بھی لگائے۔

فاروق ستار نے کہا ‘ہم چاہتے تھے پریس کانفرنس کل ہی کریں، مگر افسوس کہ ہمیں مؤقف پیش کرنے نہیں دیا گیا۔ 8 گھنٹے حراست کے بعد منفی تاثر جائے گا،تاثر یہ جائے گا ہم کسی کے خوف سے یہ بات کر رہے ہیں’۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کے مؤقف کو لوگوں کے سامنے آنا چاہئے تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کا پورا نام  متحدہ قومی موومنٹ پاکستان ہے۔’یہ پاکستان میں پاکستان کی سیاست کررہی ہے’۔

فارق ستار نے قائد ایم کیو ایم  الطاف حسین کے کل دیئے گئے متنازعہ بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا قائد کی اس گفتگو کی وجہ ذہنی دباؤ بتائی جا رہی ہے۔

ہم چاہتے ہیں کہ ذہنی دباؤ کے معاملے کو حل کیا جائے کیونکہ ذہنی دباؤ کی وجہ سے یہ بار بار ہو رہا ہے’۔

انہوں نے مزید کہا کہ قائد ایم کیو ایم کو کسی بھی کیفیت میں  یہ عمل دہرانے نہیں دیں گے۔

 

loading...
loading...