دنیا کی کوئی طاقت کشمیر کو پاکستان سے جدا نہیں کرسکتی،عثمان بزدار

فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ کشمیر پاکستان کے بغیر اور پاکستان کشمیر کے بغیر مکمل نہیں ہوسکتا،قائداعظمؒ کے الفاظ کو دہراتا ہوں کہ” کشمیر پاکستان کی شہ رگ “ہے،دنیا کی کوئی طاقت کشمیر کو پاکستان سے جدا نہیں کرسکتی۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور میں حضوری باغ میں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے یوم آزادی پر پوری قوم کومبارک باد پیش کرتا ہوں،یوم آزادی دراصل یوم تشکر بھی ہے اور یوم تجدید عہد بھی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لاتے ہیں جس نے ہمیں پاکستان جیسی بے مثال نعمت سے نوازا،پاکستان میں رب ذوالجلال کی عطا کردہ ہر نعمت فراوانی سے موجود ہے۔

عثمان بزدارنے مزید کہا کہ  یوم آزادی اس لحاظ سے بے حد اہمیت کا حامل ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ظلم و استبداد انتہا کو پہنچ چکے ہیں، جموں و کشمیر کی الگ حیثیت ختم کرکے مودی سرکار اپنی ہٹ دھرمی کا انمٹ ثبوت دے چکی ہے،یوم آزادی کو اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کی جدوجہد آزادی کی لازوال تحریک سے منسوب کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کے بغیر اور پاکستان کشمیر کے بغیر مکمل نہیں ہوسکتا،قائداعظمؒ کے الفاظ کو دہراتا ہوں کہ” کشمیر پاکستان کی شہ رگ “ہے،دنیا کی کوئی طاقت کشمیر کو پاکستان سے جدا نہیں کرسکتی۔

وزیراعلی ٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے تحریک پاکستان کے جذبے کی ضرورت ہے،1947ء کے بعد قوم آج پھر اسی آزمائش سے گزر رہی ہے، ہمیں آج پھر اپنے ذاتی اختلافات کو بھلا کر ایک ہونا ہوگا۔

عثمان بزدر نے مزید کہا کہ یوم آزادی کی خوشیاں منانے کیساتھ ہمیں ان تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھنا ہوگاجووطن عزیز کی طرف سے ہم پر واجب الادا ہیں،ہمیں اچھے شہری اور اچھے پاکستانی بننا ہوگا اور اس کیلئے تمام تر قوانین کی پابندی کو شعار بنانا ہوگا،اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے قیام پاکستان کو 7 دہائیاں گزر چکی ہیں،قوم ترقی کی راہ پر آگے بڑھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری فوج کے افسر اور جوان سرحدوں پر سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑے ہیں،ہماری پولیس کے افسر اور جوان دہشتگردی کیخلاف جنگ اور جرائم پیشہ افراد کیخلاف مہم میں داد شجاعت پا رہے ہیں،یوم آزادی کے اس تاریخی موقع پر پاک فوج کی عظیم الشان کاوشوں اور بے مثال قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں،پاک فوج نے مادر وطن کی حفاظت کا فریضہ سرانجام دیتے ہوئے عظیم قربانیوں کی تاریخ لکھی ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیری عوام کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھیں گے، کشمیر کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم آزادی پر سبز ہلالی پرچم کیساتھ ساتھ کشمیر کے پرچم بھی لہرائے جارہے ہیں۔

وزیراعلی پنجاب نے اپیل کی کہ پنجاب کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار محبت کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور دنیا کو بتا دیں کہ کشمیر کل بھی ہمارا تھا اور کشمیر آج بھی ہمارا ہے،کشمیری عوام کے ساتھ تھے،ہیں اوررہیں گے۔

loading...
loading...