پاکستان کی کشمیر پر فوری سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کی درخواست

فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد:پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کامعاملہ سلامتی کونسل میں اٹھاتے ہوئے فوری اجلاس بلانے کی درخواست کردی۔

پاکستان نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کا معاملہ سلامتی کونسل میں اٹھادیا ، پاکستان کی جانب سے سیکیورٹی کونسل کے صدر کو خط لکھ دیا گیا ہے جس میں سلامتی کو نسل کا اجلاس فوری بلانے کی اپیل کی گئی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے آج سیکیورٹی کونسل کے صدر کو خط ارسال کر دیا ہے جو کہ ملیحہ لودھی نےبھیجا ہے، ہم نے درخواست کی ہے کہ یہ خط فی الفور سیکیورٹی کونسل کے تمام اراکین تک پہنچایا جائے خط میں سیکیورٹی کونسل کا خصوصی اجلاس طلب کرنے اور بھارت کے غیر قانونی اقدامات کو زیر بحث لانے کی درخواست کی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارتی اقدامات سے نہ  صرف خطے بلکہ عالمی امن کو بھی خطرہ ہے،  طاقت کے ذریعے کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی تحریک کو کچلنا خام خیالی ہے، یہ اقدام کشمیریوں کی فلاح و بہبود کیلئے ہے تو نو دنوں سے کرفیو کیوں مسلط ہے؟ کئی دہائیوں سے تعینات 7 لاکھ فوج کشمیریوں کو زیر نہیں کرسکی تو ایک لاکھ 80 ہزار کی نئی کمک بھی ناکام ٹھہرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان یہ سمجھتا ہے کہ وہ ان ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کی آواز کو دبالے گا تو یہ اس کی غلط فہمی ہے اور وہ یہ سمجھتا ہے کہ 35 اے کے خاتمے سے مسلمانوں کو اقلیت میں تبدیل کردے گا تو یہ اس کی بھول ہے کشمیری اس اقدام کو تسلیم کریں گے اور نہ پاکستان کو یہ قابلِ قبول ہیں، بھارت نے یہ اقدام اٹھا کر بہت بڑی حماقت کی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ مجھے خدشہ ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نئے قتل عام کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، تشویش یہ ہے کہ بھارت توجہ ہٹانے کیلئے پلوامہ طرز کی کوئی بھی حرکت کرسکتا ہے اس صورتحال کی نزاکت کو بھانپتے ہوئے ہم نے سیکیورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے، ہم اپنے دفاع میں ہرحد تک جا سکتے ہیں اور 27 فروری کو اس کا عملی مظاہرہ ہوچکا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے مزیدکہا کہ کل وزیر اعظم مظفر آباد میں پاکستان کا مؤقف آزاد کشمیر کے منتخب نمائندوں کے سامنے رکھیں گے اور15 اگست کو تاریخ کو یوم سیاہ ہو گا اور دنیا دیکھے گی کہ ہر دار الخلافہ میں ان اقدامات کیخلاف آواز بلند ہو گی۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ کشمیریوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ آپ تنہا نہیں ہیں ہم آپ کے ساتھ ہیں۔

loading...
loading...