وزیراعظم عمران خان یوم آزادی کل آزاد کشمیر میں منائیں گے

 فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان یوم آزادی کل آزاد کشمیر میں منائیں گے اور ان کے ہمراہ وفاقی وزراءبھی موجود ہوں گے ۔

  یوم آزادی  کل یوم یکجہتی کشمیرکے طورپرمنایا جائے گا،اس سلسلے میں قومی پرچم کے ساتھ ساتھ کشمیرکا پرچم بھی لہرادیئے گئے ہیں ۔

  مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے راولپنڈی اور اسلام آباد میں ریلیاں نکالنے کی تیاریاں بھی مکمل کرلی گئیں ،وفاقی دارلحکومت سمیت فضاء میں کشمیر بنے گا پاکستان کی صدائیں گونجیں گی۔

وزیراعظم عمران خان کل صبح ہیلی کاپٹر کے ذریعے آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد جائیں گے، اس موقع پر کئی وفاقی وزراء بھی ان کے ہمراہ ہوں گےجہاں وہ 14اگست  کا دن گزاریں گے۔

  وزیراعظم قانون سازاسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے اور وہاں آل پارٹیز کانفرنس سمیت دیگر کشمیری رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

 قانون سازاسمبلی آزاد کشمیر میں پاکستان و آزاد کشمیر کے ترانے بجائے جائیں گے،وزیراعظم کو آزاد کشمیرمیں گارڈ آف آنر بھی دیا جائے گا ۔

چودہ اگست کادن کشمیریوں سے منسوب کرناسب کی توجہ کا مرکزبن گیا ، تحریک انصاف صدر بازار راولپنڈی سے ڈی چوک اسلام آباد تک احتجاجی ریلی نکالے گی جس میں وفاقی وزراء اوراہم سیاسی شخصیات شریک ہوں گی جبکہ دیگرسیاسی جماعتوں کی جانب سے مختلف علاقوں میں ریلیاں نکالی جائیں گی ۔

یاد رہے کہ کل ملک بھر میں 14 اگست یوم آزادی کی تقریبا ت کا انعقاد کیا جائے گا اور ہر طرف پرچموں کی بہار دکھائی دے گی ۔

loading...
loading...