سینیٹ کےالیکشن میں ہیرپھیرہوئی ہے ، آصف زرداری

فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد:پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سینیٹ کے الیکشن میں ہیر پھیر ہوئی ہے۔

چیئرمین سینیٹ کیخلاف قراداد کی ناکامی پر آصف زرداری کا ردعمل سامنے آگیا۔

آصف زرداری نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منحرف ہونے والے سینیٹرز کے نام عوام کے سامنے لائے جائیں گے اور ان کیخلاف ایکشن ہوگا۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کیخلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے میں کچھ ہوا ہے اور ہیر پھیر ہوئی ہے، لیکن کیا ہوا ہے یہ بتا نہیں سکتا۔

خواجہ آصف کی جانب سے تحریک عدم اعتماد کا ذمہ دار پی پی پی کو ٹہرانے پر سابق صدر نے کہا کہ ن لیگ کے کچھ دوست اچھے نہیں ہیں، یہ لوگ چاہتے ہیں کہ اپوزیشن ساتھ نہ رہے، ان دوستوں کے پر کسی اور جگہ سے اڑتے ہیں۔

آصف زرداری نے مزید کہا کہ کتنے منحرف ہوئے یہ اللہ کی ذات کو پتہ ہے، مجھے نہیں معلوم کون کون سے سینیٹرز منحرف ہوئے میں تو صرف شک ہی کر سکتا ہوں، اگر نام معلوم ہوجائیں تو ان منحرف ارکان کیخلاف ایکشن ہوگا، اس تمام معاملے کی انکوائری ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ سوشل میڈیا پر چلنے والے کچھ نام درست ہوں گے، اپوزیشن کے پاس سینیٹ میں اب بھی اتنے ہی ووٹ ہیں۔

loading...
loading...