کشمیریوں کاقتل عام مہذب دنیا کیلئے امتحان ہے، فردوس عاشق اعوان

فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد:وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کشمیریوں کے قتل عام کو مہذب دنیا کیلئے امتحان قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے تنازعہ کشمیر کو حل کرانے کیلئے مؤثر کردارادا کرنے کا مطالبہ کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم کی معاون خصوصی  ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ او آئی سی کا بھارتی مظالم کیخلاف مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی عالمی برادری کیلئے پیغام ہے کہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے فوری اور مؤثر کردار ادا کرے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ  او آئی سی نے گواہی دی ہے کہ ایل او سی پر بھارتی فوج بے گناہ شہریوں پر ممنوعہ کلسٹر ہتھیار استعمال کر رہا ہے، جس کا اقوام متحدہ، امن پسند اور مہذب اقوام کو نوٹس لینا چاہیے۔

 ان کامزید کہنا تھا کہ او آئی سی کا مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کی حمایت کرنا ظالم اور قانون شکن بھارت کی ایک اور شکست ہے،بھارت ظلم و جبر سے کشمیریوں کا حق استصواب رائے کچل نہیں سکتا ۔

معاون خصوصی نے کہاکہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک ان کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت پوری قوت سے جاری رکھے گا۔

دوسری جانب  وفاقی وزیر فواد چوہدری نے بھی ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی پوری قیادت زیر حراست ہے،بھارتی حمایت کرنے والے حریت رہنما بھی زیر حراست ہیں،لگتا ہے بھارت اپنے پاگل پن کو کشمیر کا حل سمجھ رہا ہے۔

loading...
loading...