چیئرمین سینیٹ کےالیکشن میں ہارس ٹریڈنگ نہیں ہورہی،شیخ رشید

فائل فوٹو

فائل فوٹو

سکھر:وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کےالیکشن میں ہارس ٹریڈنگ نہیں ہورہی،مولانا فضل الرحمان غلط کھیل کھیل رہے ہیں،مولانا کے کچھ ہاتھ نہیں آئے گا۔

 سکھر ریلوے اسٹیشن سے اپنے دورے کے تیسرے روز ٹریک کے معائنہ کرنے کیلئے روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اگر اپوزیشن یہ سمجھتی ہے کہ وہ معاشی عدم استحکام لاکر اپنے مقاصد حاصل کرلے گی تو یہ اس کی بھول ہے میں دیوار کے پیچھے کے حالات دیکھ رہا ہوں اور یہ حالات قوم کو نہیں بتا سکتا یہ لوگ ہاتھ لگا لگا کر روئیں گے کیونکہ اس ملک نے رہنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ شیخ رشید رہے یا نہ رہے یہ ملک ترقی کرے گا اور عمران خان نے اس سلسلے میں پوری کوشش کررہے ہیں وہ اپنے 5سال کی مدت پوری کریں گے ،ان کیخلاف سارے اس لئے اکٹھے  ہوئے ہیں کہ ان سب کی چوری پکڑی گئی ہے ۔

وزیرریلوے نے کہا کہ ان کے ساتھ کوئی بھی ایسا نہیں ہے جس کو جمہوری و سیاسی ریکارڈ پاک اور صاف ہو ان سب کے ہاتھ گدلے ہیں اور گند میں بھرے ہوئے ہیں اور یہ گند میں بھرے ہاتھ قوم کے چہرے پر ملنے جارہے ہیں ان سارے حالات کا نقصان عام آدمی کو ہورہا ہے ۔

شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ سینیٹ میں جو جیتے یا ہارے مگر اس سے جمہوریت کمزور ہوگی دنیا بھر میں کہیں چیئرمین سینیٹ کا یوں فٹبال نہیں بنایا جاتا جس طرح پاکستان میں بنایا جاتا ہے سیاسی پارٹیاں اور پاکستان امتحان سے گذر رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں کوئی ہارس ٹریڈنگ نہیں ہورہی ،حکومت کے پاس تعویذ ہوتے ہیں اور یہ سیاسی تعویذ وسیم سجاد کے بطور چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں بھی چلے تھے  ۔

وزیرریلوے نے مزید کہاکہ سینیٹرز 14سالہ دوشیزہ نہیں ہیں ،وہ سوچ سمجھ کر ووٹ دیں گےتمام سینٹرز ہوشیار اور صاحب دماغ ہیں ،مولانا فضل الرحمان ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے چکر میں اپنی سیاست اور فوجی زمینوں سے بھی ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ چیک بکیں اپنے ساتھ لے جانا اور کچھ چیک بکیں اپنی اولادوں کو دے کر جانا چاہتے ہیں ،مولانافضل الرحمان بادشاہ آدمی ہیں ،عالم دین ہیں ،میں ان کا احترام کرتا ہوں مگر وہ غلط کھیل رہے ہیں ۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ این آر او لینے کے چکر میں ہیں ،مولانا فضل الرحمان صاحب سمجھتے ہیں کہ وہ ان کو مروائیں گے بلکہ الٹا آپ کے ہاتھ میں کچھ نہیں آئے گا مولانا صاحب ڈیرہ اسماعیل خان میں فوجی زمینوں اور سیاست سے بھی ہاتھ دھو بیٹھیں گے اور دینی طلباء اور مدارس کو بھی نقصان پہنچائیں گے ۔

ان کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار اچھے آدمی ہیں میں ان کے ساتھ ہوں لیکن بیورو کریسی کام نہیں کررہی ہے نیب کے قانون میں سرکاری افسران کیلئے ترمیم لانی چاہیے سرکاری افسران ڈرے ہوئے ہیں مجھے نالہ لئی اور وومین یونیورسٹی کیلئے ہر ہفتے لاہور جانا پڑتا ہے لیکن بیورو کریسی کام نہیں کررہی ہے ۔

وزیرریلوےنے کہا کہ نالہ لئی کا 10ماہ گذرنے کے باوجود کام شروع نہیں ہوسکا ،جس پر مجھے افسوس ہے میں آج سکھر سے لاڑکانہ سیہون حیدرآباد اور کراچی تک ٹریک کا دورہ کروں گا ،میں کل کراچی میں بارش بھی دیکھتا مگر میرے اپنے شہر نالہ لئی میں سیلاب آیا ہوا ہے مجھے وہاں بھی جانا ہے ۔

loading...
loading...