جعلی ٹرسٹ ڈیڈ معاملے پر مریم نواز احتساب عدالت میں پیش

فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد:ایون فیلڈ ریفرنس میں جعلی ٹرسٹ ڈیڈ جمع کرانے کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز احتساب عدالت میں پیش ہو گئیں۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی بیٹی مریم نواز ایون فیلڈ کیس میں جعلی ٹرسٹ ڈیڈ جمع کرانے کی سماعت کے موقع پراحتساب عدالت میں پیش ہوئیں۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کیس کی سماعت کررہے ہیں، مریم نواز کے ہمراہ کیپٹن (ر) صفدر، پرویز رشید، مریم اورنگزیب اور سعدیہ عباسی بھی موجود ہیں۔

احتساب عدالت کے باہر لیگی کارکنوں اور پولیس اہلکاروں کے درمیان دھکم پیل بھی دیکھی گئی۔

 نیب نے مریم نواز کیخلاف احتساب عدالت میں درخواست دائر کر رکھی ہے کہ انہوں نے ایون فیلڈ ریفرنس میں جعلی ٹرسٹ ڈیڈ پیش کی لہٰذا جعلی دستاویزات پر ٹرائل کیا جائے۔

احتساب عدالت نے مریم نواز کو ایون فیلڈ کیس میں جعلی ٹرسٹ ڈیڈ جمع کرانے پر آج طلب کر رکھا ہے۔

فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس کے باہر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ غیر متعلقہ افراد کو عدالت کے احاطے میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی نے اسلام آباد روانہ ہونے سے قبل ٹوئٹر بیان میں عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پوری مسلم لیگ ن کو بھی گرفتار کر لو، ملک تم پھر بھی نہیں چلا سکتے۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ اپنی نااہلی اور ناکامی کا جواب تو تمہیں عوام کو دینا ہی پڑے گا۔

loading...
loading...