رمضان شوگرملزکیس:شہبازشریف کی حاضری معافی کی درخواست منظور

فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور :احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل اور رمضان شوگر ملز کیس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔

آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل اور رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے کیس کی سماعت کی۔

پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز عدالت کے روبرو پیش ہوئے جبکہ بیرون ملک ہونے کی وجہ سے شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست جمع کرائی گئی۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کونسی ایسی بیماری ہے جس کا پاکستان میں علاج ممکن نہیں، گذشتہ سماعت پر کہا تھا کہ شہباز شریف پیش ہوں، آپ نے یقین دہانی کروائی تھی، اب پھر سماعت ملتوی کرنا چاہتے ہیں، بیان حلفی دیں شہباز شریف کب پیش ہوں گے۔

شہباز شریف کے وکیل نے کہا کہ پاکستانی ڈاکٹروں نے تجویز کیا کہ یہ ٹیسٹ یہاں نہیں ہوسکتے، آج بھی دو ہفتوں کیلئے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا ہے، جتنی جلدی ممکن ہوسکا شہباز شریف پیش ہو جائیں گے ،مستقل حاضری معافی کی درخواست نہیں دی۔

نیب کے وکیل نے کہا کہ شہبازشریف بغیر ٹرائل کورٹ کی اجازت کے ملک سے گئے ہیں، کئی پیشیوں سے حاضری معافی کی درخواستیں دی جا رہی ہیں، تمام ملزمان موجود ہیں صرف ایک ملزم موجود نہیں۔

عدالت نے شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 28مئی تک ملتوی کردی۔

loading...
loading...