پاکستان اور ایران کا دو طرفہ معاملات پر تعاون جاری رکھنے پراتفاق

فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد:پاکستان اور ایران کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات میں دونوں فریقین نے دو طرفہ معاملات پرتعاون جاری رکھنے پراتفاق کیا۔

ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف وفد کے ہمراہ وزارتِ خارجہ پہنچے جہاں پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔

دفتر خارجہ میں پاکستان اور ایران کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، پاکستانی وفد کی قیادت شاہ محمود قریشی جبکہ  ایرانی وفد کی قیادت  جواد ظریف کر رہے ہیں۔

دوران مذاکرات دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

مذاکرات میں حالیہ دورہ ایران میں طے پانے والے فیصلوں پر عملدر آمد پر اطمینان کا اظہار بھی کیا گیا جبکہ دونوں فریقین نے دو طرفہ معاملات پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا اور امریکا اور ایران کے مابین حالیہ کشیدگی پر بھی غور کیا گیا۔

اس موقع پروزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں،  پاکستان تمام تصفیہ طلب امور کو سفارتی سطح پر حل کرنے کا حامی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ  تمام اسٹیک ہولڈرز کو تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے ،خطے میں امن و استحکام  کیلئے ، اپنا مصالحانہ کردار ادا کرنے کیلئے کوشاں رہے گا۔

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے پرتپاک خیر مقدم پر  شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ  خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ کی وزیراعظم عمران خان سمیت پاکستان کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔

واضح رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کا منصب سنبھالنے کے بعد پاکستان کا یہ تیسرا دورہ ہے۔

loading...
loading...