آصف زرداری،فریال تالپورآج احتساب عدالت میں پیش ہوں گے

فائل فوٹو

فائل فوٹو

سابق صدر آصف علی زرداری  اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور سمیت دیگر ملزمان کے خلاف جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت آج احتساب عدالت میں ہو گی۔آصف زرداری دوسری مرتبہ ٹرائل کورٹ میں پیش ہوں گے ۔ عدالت کے باہر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے اور غیر متعلقہ افراد کو احاطہ عدالت میں داخلے کی اجازت نہ ہو گی ۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور سمیت 30 ملزمان کے خلاف جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت آج کریں گے۔

رجسٹرار احتساب عدالت اور اسسٹنٹ کمشنرنے اجلاس میں سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا اوریہ فیصلہ کیا گیاکہ آصف علی زرداری کی آمد کے موقع پر سخت سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔

فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس کے اندر اور باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جائے گی ۔ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے رینجرز کے200جوان وافسران بھی تعینات کئے جائیں گے جبکہ کسی بھی غیرمتعلقہ شخص کو احتساب عدالت کے احاطے میں آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

رجسٹرار احتساب عدالت ایاز زبیری کا کہناہے کہ میڈیا کو کمرہ عدالت تک رسائی دی جائے گی  تاہم سیکورٹی معاملات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائےگا۔

loading...
loading...