میرے دامن پر کرپشن یا بدعنوانی کا کوئی داغ نہیں ،نواز شریف

فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور:پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف کا کہنا ہے کہ میرے دامن پر کرپشن یا بدعنوانی کا کوئی داغ نہیں ،ملک کے قانون اور انصاف پر مسلسل اعتماد کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، جمعے کو سابق وزیراعظم نوازشریف نے کارکنوں کے نام پیغام میں کہا کہ مجھے علم ہوا ہے کہ میری صحت کے حوالے سے فکرمند اور پریشان کارکن اپنے جذبات کے اظہار کیلئے اکٹھا ہونا چاہتے ہیں اور میرے حق میں آواز اٹھانے کیلئے شاید کوئی احتجاج ترتیب دینا چاہتے ہیں لیکن میں آپ سے التماس کرتا ہوں کہ 23 مارچ کو اپنے اپنے علاقوں میں صرف یوم پاکستان منائیں، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دعا کریں۔

نوازشریف کا کہنا تھا کہ میں اپنے چاہنے والوں کے جذبے کی بے حد قدر کرتا ہوں، جیل کی کوٹھری میں اللہ رب العزت پر توکل کے بعد آپ کی یہی محبت اور جذبہ مجھے حوصلہ اور تقویت دیتا ہے مگر میں آپ سب سے اپیل کرتا ہوں کہ میری طرح اللہ تعالی کی رحیم ذات پر بھروسہ رکھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور کسی بھی طرح کا فیصلہ کرنے سے پہلے پارٹی ہائی کمان کی ہدایات، پارٹی ڈسپلن کا احترام اور پارٹی پلیٹ فارم کا استعمال ضروری ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ایک ذمہ دار جماعت ہے اور ہم نے ہمیشہ فیصلہ سازی میں ملکی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے سیاسی یا ذاتی مفاد کو پس پشت رکھا اور عجلت سے کام نہیں لیا، اللہ تعالی کے فضل و کرم سے میرے دامن پر کرپشن یا بدعنوانی کا کوئی داغ نہیں۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ میرے دامن پر کرپشن یا بدعنوانی کا کوئی داغ نہیں ،ملک کے قانون اور انصاف پر مسلسل اعتماد کیا ہے،جماعت کارکنوں کے جذبات کی ترجمانی کرے گی۔

loading...
loading...