ایلیمنیٹر ون: کراچی کا سفر تمام ہوگیا

asif

کراچی: پاکستان سپر لیگ سیزن فور کے پہلے ایلیمنیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم پر کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا جبکہ فائنل تک رسائی کیلئے اب اسلام آباد کا مقابلہ کل پشاور زلمی سے ہوگا۔

ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 162 رنز کا ہدف دیا جو انہوں نے آخری اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر عبور کرلیا۔

ایک موقع پر کنگز کی ٹیم محض 1 وکٹ کے نقصان پر 102 رنز بنا چکی تھی تاہم اسلام آباد کے گیندبازوں نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے کراچی کو 9 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز تک محدود کردیا تھا۔

 بابر اعظم نے 42، منرو نے برق رفتار 32، لیونگ اسٹون نے 30 اور انگرم نے 23 رنز اسکور کئے، اسلام آباد کے موسیٰ نے 3 اور فہیم اشرف نے 2 بلے بازوں کو ٹھکانے لگایا تھا۔

ہدف کے دفاع میں کراچی کے گیند بازوں نے بھی اسلام آباد کے بلے بازوں کو جکڑے رکھا تاہم اختتامی اوورز میں آصف علی کے 10 گیندوں پر ناقابل شکست 24 اور فہیم اشرف کے 8 گیندوں پر ناقابل شکست 17 رنز کی اننگز نے اسلام آباد کو فتح دلوادی۔

 اس کے علاوہ اسلام آباد کی جانب سے ایلکس ہیلز نے 41، کیمرون ڈیلپورٹ نے 38 اور حسین طلعت نے 32 رنز اسکور کئے۔

کراچی کی جانب سے عامر یامین اور عمر خان نے دو دو جبکہ محمد عامر اور عثمان شنواری نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

loading...
loading...