زرداری صاحب کاتحریک چلانےوالافیوز ہی اڑا ہوا ہے،شیخ رشید

فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور:  وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید  کا کہنا ہے کہ زرداری صاحب کا تحریک چلانے والافیوز ہی اڑا ہوا ہے ،سراج درانی کی گرفتاری پر کسی مکھی نے پر نہیں مارا۔

ہفتے کو  لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرریلوے شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان نے افواج پاکستان کو  حملے کی صورت میں  بھارتیوں کو تباہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مودی آر ایس ایس کا آف شوٹ ہے، اس نے جنگ کے 70فیصد امکانات پیدا کردیئے ہیں،پھر کہتا ہوں کہ اگر پاکستان پر حملہ ہوا تو مندروں  میں گھنٹیاں بجیں گی نہ چڑیاں چہچہائیں گی۔

وزیر ریلوے نے شریف برادران تنقید کرتےہوئے کہا کہ کہ شہبازشریف کے سوا کسی کو ڈیل یا ڈھیل کرتے نہیں دیکھا، نوازشریف اقتدار سے اترتے ہی بیمار ہوجاتے ہیں،اُن کو کھلی فضا چاہیے تو لال حویلی کی چھت کھلی ہے۔

  زرداری کی جانب سے تحریک چلانے بارے سوال پر وزیر  ریلوے نے کہا کی وہ کیا تحریک چلائیں گے ان کا تو حکومت مخالف تحریک چلانے والا فیوز ہی اڑا ہوا ہے، میں پی اے سی کا ممبر ہوں، جب چاہوں گا اس میں جاؤں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سراج درانی کی گرفتاری پر کسی مکھی نے پر نہیں مارا، زرداری کہتے ہیں ان کا کیس کراچی اور ن لیگ چاہتی ہے ،لاہور میں سناجائے، کراچی اور لاہور میں کیس سننے کی بات میں کوئی تو وجہ ہوگی۔

  شیخ رشید نے کہا کہ پہلی وی آئی پی نان سٹاپ ٹرین کراچی کینٹ سے لاہور کینٹ تک چلے گی، ملک میں پیسنجر اور فریٹ ٹرینوں کا جال بچھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

loading...
loading...