بیوروکریسی کو غیر سیاسی بنانا حکومت کا منشور ہے،وزیراعظم

فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بیوروکریسی کو غیر سیاسی بنانا حکومت کا منشور ہے،سرکار ی اہلکاروں کی جانب سے عوام کیلئے مشکلات پیدا کرنے کی روش قبول نہیں کی جائے گی۔

جمعے کو وزیراعظم عمران خان سے سرگودھا ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی اسمبلی اور چناب کلب فیصل آباد کی ایگزیکیٹو کمیٹی کے ممبران نے ملاقات کی۔

ارکان قومی اسمبلی سے گفتگو کے دوران وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ عوامی نمائندے بدعنوانی ،رشوت خوری اور اقربا پروری میں ملوث عناصر کی نشاندہی کریں،سرکاری میٹنگز کی آڑ میں عوام کو گھنٹوں انتظار نہ کرایا جائے،سرکاری افسران عوام کیلئے اوپن ڈور پالیسی پر من وعن عمل یقینی بنائیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ غریب اور مستحق افراد کی مدد اورمعاونت کیلئے مفصل پروگرام کا اعلان جلد کیا جائے گا،نوجوانوں کو ہنر سکھانااورزراعت کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔

ممبران قومی اسمبلی نے عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا،سرگودھا ڈویژن میں پارٹی کے تنظیمی معاملات بھی زیرغور آئے۔

وزیراعظم سے تحریک انصاف سندھ کے جنرل سیکرٹری حلیم عادل شیخ بھی ملے،سندھ کی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

loading...
loading...