شہباز شریف کی ضمانت کیخلاف نیب کی درخواست مسترد

فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور:لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف کی درخواست ضمانت کیخلاف نیب کی درخواست مسترد کردی۔

پیر کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سردار محمد شمیم خان نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی درخواست ضمانت کیخلاف نیب کی درخواست پر سماعت کی ۔

اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر نے موقف اپنایا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے زبیر کیس کی روشنی میں موجودہ بنچ شہباز شریف کی درخواست ضمانت پر سماعت نہیں کر سکتا، جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ اس کیس میں شریک ملزموں کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر چکا ہے۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے نیب کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ میں معذرت خواہ ہوں، اب ایسا نہیں ہوتا، نیب پر پہلے بڑے الزامات لگ رہے ہیں، اب نیب اپنی مرض کے بینچ بنوائے گا۔

عدالت نے درخواست گزار کے دلائل سننے کے بعد درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

سماعت میں وقفے کے بعد چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سردار شمیم خان نے محفوظ فیصلہ سنایا ،جس میں عدالت نے شہباز شریف کی رہائی سے متعلق نیب کی بینچ تبدیلی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردی۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سردار شمیم خان نے ریمارکس میں کہا کہ شہباز شریف کی درخواست ضمانت پر سماعت موجودہ بینچ ہی کرے گا۔

loading...
loading...