ایک سے زائد بار عمرہ کرنے والوں کیلئے بڑی خبر

umrah

مکّہ مکرمہ: مکّہ کے ایوانِ صنعت و تجارت میں حج و عمرہ قومی کمیٹی کا وسیع البنیاد اجلاس ہوا، جس میں شرکاء نے ایک سے زائد بار عمرے کی فیس پر نظرثانی سمیت 19 ہنگامی مطالبات پیش کردیئے۔ جبکہ 26 دیگر سفارشات پیش کی گئیں۔

شرکاء نے ایک سفارش یہ کی کہ وزارت حج و عمرہ اور حج و عمرہ قومی کمیٹی کے درمیان عملی شراکت کو موثر کیا جائے۔

شرکاء نے وزارت حج و عمرہ سے مطالبہ کیا کہ ایک سے زائد بار عمرے کی فیس پر نظرثانی کی جائے۔ عمرہ فیس کی وجہ سے عمرہ کمپنیوں کو بھاری نقصان ہورہا ہے۔ ایک سفارش کے مطابق مارکیٹ کے موجودہ حالات کے پیش نظر اگر کوئی اجازت یافتہ کمپنی 3 سال تک کام سے معذرت کرے تو اس کی معذرت قبول کی جائے۔

ایک سفارش میں کہا گیا کہ سعودی عرب میں مختلف خدمات فراہم کرنے والوں پر یہ پابندی عائد کی جائے کہ وہ صرف سعودی کمپنیوں ہی سے لین دین کریں۔

سفارشات میں آن لائن ویزوں کا دائرہ وسیع کرنے اور لاسلکی رابطہ منسوخ کرنے کا بھی مطالبہ کیاگیا۔ بعض ممالک کو سرکاری ایجنٹوں کی شرط سے آزاد کرنے کیلئے بھی کہا گیا۔

یہ بھی مطالبہ کیاگیا کہ عمرہ کمپنیوں کو مالی ضیاع سے بچانے کی تدابیر کا جائزہ لینے کیلئے وزارت حج و عمرہ اور نجی ادارے مشترکہ کمیٹی تشکیل دیں۔

ایک مطالبے میں کہا گیا کہ بعض ممالک سے معتمرین کی عمر پر عائد پابندی کا فیصلہ واپس لینے کیلئے غوروخوض کیا جائے۔

ایسے ممالک میں سفارتخانوں کو جہاں ان کے نمائندے نہ ہوں معتمرین کی آمد میں سہولتیں فراہم کرنے پر بھی زور دیا گیا۔

loading...
loading...