جوہانسبرگ ٹیسٹ: جنوبی افریقہ کی پوزیشن مستحکم

amla

جوہانسبرگ: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے جارہے 3 میچز کی سیریز کے آخری ٹیسٹ میں بھی پاکستان نے اپنی گزشتہ شکستوں سے کچھ نہ سیکھا۔

تفصیلات کے مطابق پہلی اننگز میں بولرز نے سر دھڑ کی بازی لگا کر پروٹیز کو 262 رنز تک محدود کیا مگر بلے بازوں نے پھر ان کی محنت پر پانی پھیر دیا۔

پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں محض 185 رنز پر ڈھیر ہوگئی، سینیئر بلے باز اظہر علی اور اسد شفیق ایک بار پھر بری طرح ناکام، دونوں ہی اسکوررز کو بنا زحمت دیئے پویلین لوٹ گئے۔

کپتان سرفراز نے 50 اور بابر اعظم نے 49 رنز اسکور کرکے اپنی وکٹ مخالف بولرز کو تحفے میں دے دی، امام الحق 2 چانسز ملنے کے باوجود 43 رنز ہی اسکور کرسکے۔

پروٹیز کو پہلی اننگز میں 77 رنز کی برتری ملی، جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم بھی ابتداء میں پاکستانی بولرز کے ہاتھوں جکڑی نظر آئی مگر پہلے آملا اور باووما اور پھر آملا اور ڈی کوک کی شراکت داری نے پروٹیز کی اننگز کو سنبھال لیا۔

دوسرے روز کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقہ کا اسکور 5 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز تھا، آملا 42 اور ڈی کوک 34 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم کو مجموعی طور پر 212 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

واضح رہے پاکستان اس سیریز کے پہلے 2 ٹیسٹ میچز ہار چکا ہے تاہم وائٹ واش شکست سے بچنے کیلئے انہیں اس میچ میں کسی بھی صورت جیت حاصل کرنا ہوگی جو بظاہر ایک انتہائی مشکل امر نظر آتا ہے۔

loading...
loading...