کیپ ٹاؤن ٹیسٹ: پروٹیز کو جیت کیلئے 41 رنز کا ہدف

00

کیپ ٹاؤن: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے جارہے 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں شاہینوں نے پروٹیز کو جیت کیلئے 41 رنز کا ہدف دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 294 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، پاکستان کی جانب سے اسد شفیق نے 88، بابر اعظم نے 72 اور شان مسعود نے 61 رنز اسکور کئے۔

امام الحق، اظہر علی، فخر زمان اور کپتان سرفراز احمد ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے اسٹین اور رباڈا نے چار چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جنوبی افریقہ کے 431 رنز کے جواب میں محض 27 کے اسکور پر امام الحق اور اظہر علی کے آؤٹ ہونے کے بعد اسد شفیق اور شان مسعود نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 132 رنز کی برق رفتار شراکت داری قائم کی۔

واضح رہے جنوبی افریقہ کی دعوت پر پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 177 رنز اسکور کئے جس کے جواب میں پروٹیز نے 431 رنز کا پہاڑ کھڑا کرکے 254 رنز کی بھاری برتری اپنے نام کی تھی۔

اس بھاری برتری کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان پر اننگز کی شکست کا خطرہ منڈلانے لگا تھا تاہم اسد، بابر اور شان کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے پاکستان کو اس سے بچالیا۔

چوتھے روز جب کھیل کا آغاز ہوگا تو جنوبی افریقہ کو جیت کیلئے محض 41 رنز درکار ہوں گے جبکہ پاکستان کو جیت کیلئے تمام 10 وکٹیں حاصل کرنا ہوں گی۔

واضح رہے جنوبی افریقہ نے پہلے ٹیسٹ میں 6 وکٹوں سے فتح سمیٹ کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کی تھی۔

loading...
loading...