مسئلہ کشمیر پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کریں گے ،ترجمان دفترخارجہ

ڈاکٹر فیصل-فائل فوٹو

ڈاکٹر فیصل-فائل فوٹو

اسلام آباد:ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصلہ کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کریں گے اور یہ بات ذہن سے نکال دینی چاہیے کہ کرتار پورکی وجہ سے کشمیر کا معاملہ پیچھے چلا جائے گا۔

ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ چینی سرکاری ٹی وی پرمقبوضہ کشمیرکو بھارت کا حصہ بنانے کی خبریں غلط ہیں، چین نے معاملے پر پاکستان کو تفصیلات سے آگاہ کیا، چین نے مقبوضہ کشمیر کو سفید رنگ میں ظاہرکیا جب کہ چینی سرکاری ٹی وی نے تسلیم شدہ نقشہ استعمال کیا۔

ڈاکٹر محمد فیصل  نے کہا کہ امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے وزیراعظم اوروزیرخارجہ سے ملاقاتیں کیں، افغانستان میں مفاہمتی عمل پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، زلمے خلیل زاد کے دورے میں کوئی شرط نہیں رکھی گئی، بات چیت کچھ لینے اورکچھ دینے پر انحصار کرتی ہے، پاکستان افغانستان میں مفاہمتی عمل آگے بڑھانے پر یقین رکھتا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ کرتار پور راہداری ابھی پوری طرح کھلا نہیں، پاکستان تو بھارت سے بات چیت چاہتا ہے، پاکستان سرکریک، کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب معاملات پر ڈائیلاگ چاہتا ہے، چین کو پاک بھارت بات چیت پرکوئی اعتراض نہیں اور بھارت سے مثبت ردعمل کی امید رکھتے ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی افواج کی زیادتیوں کا سلسلہ جاری ہے، سیکڑوں معصوم اورنہتے کشمیری پیلٹ گنز کے استعمال سے زخمی کئے گئے۔

 ممبئی کیس سے متعلق ان  کا کہنا تھا کہ کیس عدالت میں ہے تبصرہ نہیں کرسکتا، حملہ کیس میں قانون کے مطابق انصاف ہوگا، کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت میں ہورہی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ جموں اورکشمیرکا معاملہ پس پشت نہیں ڈالنے دیں گے،کرتارپور راہداری کھلنے سے کشمیرکا زہراثر اندازنہیں ہوگا، کرتارپورراہداری آئندہ سال نومبرسے قبل مکمل ہو جائے گی، مسئلہ کشمیرپرہرگزسمجھوتہ نہیں کریں گے جبکہ ذہن سے نکال دیں کہ کرتارپورکی وجہ سے جموں کشمیر کا معاملہ پیچھے چلا جائے گا۔

loading...
loading...