الیکشن کمیشن کا صدارتی انتخابات کے حتمی اور سرکاری نتائج کا اعلان

 فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صدارتی انتخابات کے حتمی اور سرکاری نتائج کا اعلان کردیا، جس کے مطابق تحریک انصاف کے ڈاکٹر عارف علوی بطور صدارتی امیدوار کامیاب قرار پائے۔

بدھ کو الیکشن کمیشن کی جانب سے باضابطہ طور پر صدارتی انتخابات کے حتمی اور سرکاری نتائج کا اعلان کیا گیا۔

ا س سے قبل الیکشن  کمیشن میں جاری اجلاس میں مجموعی نتائج کی تیاری کی گئی،چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا نے بطور ریٹرننگ افسر فارم 7 پر نتائج مرتب کئے، ان کی نگرانی میں پولنگ بیگز کھولے گئے تھے۔

اس موقع پر صدارتی امیدواروں کے نمائندے بھی الیکشن کمیشن میں موجود تھے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کئے گئےنتیجےکےمطابق،صدارتی انتخاب میں ایک ہزار 110 ارکان نے حق رائے دہی استعمال کیا، ایک ہزار 82 ووٹ درست جبکہ 28 مسترد کئے گئے۔

سرکاری نتیجے کے مطابق، تحریک انصاف کے عارف علوی 352 الیکٹورل ووٹ لے کر صدر مملکت منتخب ہوئے،اپوزیشن کے مولانا فضل الرحمان 184 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے جبکہ پیپلز پارٹی کے اعتزاز احسن 124 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق صدارتی انتخاب کا حتمی نتیجہ وفاقی حکومت کو بھجوایا جارہا ہے، صدر کی کامیابی کا نوٹیفکیشن  وفاقی حکومت جاری کرے گی۔

یاد رہے کہ صدارتی انتخاب کیلئے کل پارلیمنٹ اور تمام صوبائی اسمبلیوں میں پولنگ کے بعد الیکشن کمیشن نے حتمی فیصلہ آج کیلئے روک لیا تھا ۔

 ریٹرننگ افسر چیف الیکشن کمشنر نے ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد حتمی نتائج کا اعلان کیا۔

loading...
loading...