کراچی کے مختلف علاقوں میں بونداباندی سے موسم خوشگوار

فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی:شہر قائد کے مختلف علاقوں میں عیدالاضحیٰ کے تیسرے روز بھی بوندا باندی کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔

کراچی والوں سے بادلوں کی اٹھکھیلیاں!نہ گرجتے ہیں نہ برستے ہیں ،بس ہلکا ہلکا بھیگاتے ہیں ،کالی گھٹاؤں اور ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ بارش کی بوندوں سے صبح کا آغاز ہوا۔

گلشن معمار،کریم آباد،عائشہ منزل،نارتھ کراچی،گلستان جوہراورگلشن اقبال میں رم جھم پھوار ہوئی ۔

کراچی اور گرد و نواح کے علاقوں میں گزشتہ 3 روز سے موسم ابر آلود ہے، فرحت بخش ہواؤں کے ساتھ بونداباندی نے عید قرباں کا مزا اور بھی دوبالا کردیا ہے تاہم کراچی والوں کو بادلوں کے کھل کر برسنے کا شدت سے انتظار ہے۔

عید کے موقع پر یہ موسم غنیمت سے کم نہیں ،شہریوں نے بھی سہانے موسم کا خوب فائدہ اٹھایا،پارکوں کا رخ کیا تو کئی ساحل سمندر پر جا پہنچے ،شہری ساحل کی اٹھتی لہروں اور ٹھنڈی ہوا کا خوب لطف لے رہے ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں جنوب مغرب سے ہوائیں 18 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں مطلع ابر آلود رہے گا، کہیں کہیں بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔

دوسری جانب وفاقی حکومت کی جانب سے عید الاضحٰی کی مناسبت سے دی گئی چھٹیاں ختم ہوگئی ہیں ۔

تاہم سرکاری دفاتر میں ملازمین کی حاضری نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ شہر بھر کی تمام بڑی مارکیٹیں، کاروباری مراکز اور بازار آج بھی بند ہیں۔

loading...
loading...