پنجاب سموگ کی لپیٹ میں: متعدد لوگ حادثات کا شکار، فلائٹ آپریشن معطل

فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور: پنجاب سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں شدید دھند اور سموگ نے شہریوں کی زندگی اجیران کردی ہے۔ شدید دھند اور سموگ سے ٹریفک کی روانی اور فلائٹ آپریشن متاثر ہوا ہے۔ شہری مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ گزشتہ روز سے پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں 7 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوچکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب سمیت ملک کے مختلف علاقے آج بھی شدید دھند اور اسموگ کی لپیٹ میں ہیں جس کے نتیجے میں گزشتہ روز سے پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں 7 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوچکے ہیں۔ سرگودھا میں شدید دھند کے باعث موٹروے پر مڈھ رانجھا کی حدود میں 8 گاڑیاں آپس میں ٹکراگئیں جس سے 10 افراد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے کوٹ ادو اسپتال منتقل کیا گیا۔

ریسکیو کے مطابق فیصل آباد روڈ فتح آباد کے قریب مسافر بس الٹنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ 14 افراد زخمی ہوگئے۔ رینالہ خورد میں بھی نیشنل ہائی وے پر بس اور وین میں تصادم سے ہوا جس میں 8 مسافر زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔

لاہور، شیخوپورہ، کوٹ مومن اور قصور سمیت مختلف علاقوں میں صبح کے وقت شدید دھند چھائی رہی، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ فضا میں چھائی سموگ سے شہری آنکھوں میں جلن، گلے میں سوزش، بخار اور جلدی امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھئیے: پنجاب میں سموگ کا ذمہ دار بھارت ہے

شدید دھند اور سموگ سے ٹریفک کی روانی اور فلائٹ آپریشن بھی شدید متاثر ہوا ہے جس سے مسافر پریشان ہیں۔ فیصل آباد ائرپورٹ بند جبکہ ملتان سے متعدد پروازیں منسوخ ہو گئیں ہیں۔

سموگ کی وجہ سے ہفتہ کو پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن متاثر رہا ۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق اندرون ملک چھ پروازیں منسوخ کرنا پڑیں جن میں کراچی سے سکھر کی دوطرفہ پروازیں PK-390 ، PK-391 ، PK-536 ،PK537 جبکہ کراچی سے رحیم یار خان کی دو طرفہ پروازیں PK582 اورPK583 شامل ہیں۔ لاہور سے رحیم یار خان کے راستے ابوظہبی روانہ ہونے والی پرواز کو لاہور سے براہ راست ابوظہبی بھجوا دیا گیا جبکہ کراچی سے بہاولپور اور اسلام آباد روانہ ہونے والی پروازPK588 بہاولپور کے خراب موسم کے باعث براہ راست اسلام آباد روانہ ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں اسموگ چھائے رہنےکا امکان ہے۔ ملتان، بہاولپور، سرگودھا، ساہیوال، لاہور اور فیصل آباد ڈویژن میں شدید دھند کا امکان ہے جب کہ آئندہ 12 گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ جھنگ اورٹوبہ ٹیک سنگھ میں حد نگاہ 10 میٹر ریکارڈ کی گئی جب کہ لیہ، نورپور تھل، ساہیوال، رحیم یار خان اور بھکر میں حدنگاہ 100 میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔

موٹروے حکام کے مطابق لاہور میں آج دھند کی وجہ سے شہر سے بھیرہ تک حد نگاہ 70 سے 80 میٹر ریکارڈ کی گئی ہے جس کے باعث لاہورسے اسلام آباد کی طرف جانے والی گاڑیوں کو قافلوں کی شکل میں روانہ کیا جارہا ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم تھری ہرقسم کی ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ہے، ایم تھری پرپنڈی بھٹیاں سےگوجرہ تک حدنگاہ صفر سے 20 میٹر رہ گئی جب کہ موٹروے پر شیخوپورہ سے لاہور تک شدید دھند سے حد نگاہ صفر سے 15 میٹر ریکارڈ گئی ہے۔

پولیس نے شہریوں کو ہدایت کہ ہے کہ وہ قافلوں کی شکل میں سفر کریں اور گاڑیوں کی رفتار محدود رکھیں جب کہ ڈرائیور دوران سفر فوگ لائٹس استعمال کریں۔

پاکپتن اور منڈی بہاؤ الدین سمیت گردنواح میں شدید دھند اور اسموگ کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔ اس کےعلاوہ موٹروے این ون پر پشاور سے رشکئی تک شدید دھند سے حد نگاہ 40 سے 50 میٹر جب کہ حافظ آباد انٹرچینج سے شیخوپورہ تک حد نگاہ 10 سے 20 میٹر ہوگئی ہے۔

دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے علاقے بھی آج شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں۔ آج کراچی میں ائیر پورٹ اور گردو نواح کے علاقوں میں صبح سویرے ہلکی دھند رہی تاہم سورج نکلنے پر دھند کا راج ختم ہوگیا ہے۔ سکھر ایئرپورٹ اور گردونواح میں شدید دھند کی وجہ سے فلائٹ آپریشن متاثر ہوا ہے جس سے کراچی جانے والی پرواز تاخیر کا شکار ہوگئی۔ موٹروے حکام کے مطابق سکھر کے میدانی علاقوں میں حد نگاہ 100 میٹر اور رہائشی علاقوں میں 500 میٹر تک رہ گئی، قومی شاہراہ پر حد نگاہ 100 میٹر ہے۔

بلوچستان میں حب اور گردونواح میں شدید دھند سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔

loading...
loading...