ہارون بلور کی شہادت، حلقہ پی کے 78 میں انتخابات ملتوی

فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد:الیکشن 2018 کے سلسلے میں خودکش حملے میں عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار بیرسٹر ہارون بلور کی شہادت کے بعد خیبرپختونخوا کے حلقے پی کے 78 میں انتخابات ملتوی کردیئے گئے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق پی کے 78کے انتخابات امیدوار کی وفات کے باعث ملتوی ہوئے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پی کے 78کے انتخابات کے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

پی کے 78کے امیدوار ہارون بلوربم دھماکے میں جاں بحق ہوگئے،ہارون بلورعوامی نیشنل پارٹی کے ٹکٹ پرانتخابات میں حصہ لے رہے تھے۔

دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر جسٹس رتائرڈ سردار محمد رضا نے ہارون بلور پر حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملہ سیکورٹی اداروں کی کمزوری اور شفاف الیکشن کیخلاف سازش ہے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ تمام صوبائی حکومتوں کو امیدواروں کو یکساں سیکیورٹی فراہم کرنے کے احکامات دیئے گئے تھے۔

امیدواروں کو سیکیورٹی خطرات سے متعلق 25 جون کو اجلاس میں تمام چیف سیکریٹریز اور آیئ جیز کو امیدواروں کی سیکورٹی سے متعلق احکامات دئیے گئے۔

loading...
loading...