کیویز کے خلاف سیریز کے لئے قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا اعلان

main4

لاہور: دورہ نیوزی لینڈ میں کھیلی جانے والی تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لئے 15 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔ سرفراز احمد بدستور ٹیم کی قیادت کریں گے۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق نے دورہ نیوزی لینڈ کیلئے ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا اعلان کیا۔ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے عالمی نمبر ون بولر عماد وسیم انجری کے باعث اسکواڈ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔

پندرہ رکنی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں اوپننگ بلے باز احمد شہزاد کی واپسی ہوئی ہے اس کے علاوہ اوپنر فخر زمان، بابر اعظم، محمد حفیظ، حارث سہیل اور شعیب ملک کومڈل آرڈرمیں جگہ دی گئی ہے۔

ٹیم میں آل راؤنڈر فہیم اشرف اور عامر یامین کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ بائیں ہاتھ سے تیز گیند کرنے والے بولر محمد عامر، حسن علی، رومان رئیس، شاداب خان، محمد نواز اور عمر امین بھی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔

تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ 22 جنوری کو کھیلا جائے گا۔ اس وقت قومی ٹیم نیوزی لینڈ میں میزبان ٹیم کے خلاف 5 ایک روزہ میچز کی سیریز کھیل رہی ہے۔