کوئٹہ خودکش حملے میں جاں بحق پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا

فائل فوٹو

فائل فوٹو

کوئٹہ :کوئٹہ میں گزشتہ روز جی پی او چوک پر ہونے والے خود کش حملے میں جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

گزشتہ روز جی پی او چوک پر ہونے والے خود کش حملے میں پولیس کے 5 جوان جاں بحق ہوئے تھے، جن کی نماز جنازہ آج پولیس لائن میں ادا کردی گئی۔

نماز جنازہ میں آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری سمیت پولیس کے اعلی افسران نے شرکت کی، جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کی میتیں ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئی ہیں۔

دوسری جانب دھماکے کی تحقیقات  بھی جاری ہے، جائے وقوعہ کو قناتیں لگا کر ہر طرح کی ٹریفک کیلئے بند کیا گیا۔

 تحقیقاتی ٹیمیں جائے وقوع سے شواہد اکھٹے کر رہی ہے جبکہ خود کش حملہ آور کے جسم کے اعضا ءکے نمونے بھی ٹیسٹ کیلئے فرانزک لیب بھجوا دیئے گئے۔