کراچی کے علاقے لیاری میں رینجرز سے مقابلے میں 5دہشت گرد ہلاک

فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی:کراچی کے علاقے لیاری میں سرچ آپریشن کے دوران رینجرزاور پولیس کا دہشت گردوں سے دوبدو مقابلہ ہوا،جس کے نتیجے میں 5دہشتگرد مارے گئے جبکہ ایک رینجرز اہلکار شہید اور3زخمی ہو گئے ۔

ترجمان رینجرز سندھ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ،لیاری کے علاقے علی محمد محلہ ذکری پاڑہ میں رات سوا 8 بجے کے قریب رینجرز کی جانب سے معمول کا گشت کیا جا رہا تھا کہ اچانک دہشت گردوں نے دستی بموں اور خود کار ہتھیاروں سے حملہ کر دیا۔

فائرنگ کے تبادلے میں رینجرز کا ایک اہلکار فواد حسین شہید اور دیگر 4 اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ جوابی فائرنگ میں ایک دہشت گرد بھی مارا گیا جس کے قبضے سے دستی بم، 3 آوان بم، ایک نائن ایم ایم پستول اور میگزین برآمد ہوئے ہیں۔

واقعے کے بعد رینجرز اور پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے مشترکہ سرچ آپریشن شروع کردیا، اس دوران چھپے ہوئے دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی اور دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا ،جس کے نتیجے میں مزید4  دہشت گرد ہلاک ہوگئے جن کے قبضے سے 4 کلاشنکوفیں برآمد ہوئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق ،سرچ آپریشن گینگسٹرغفارزکری کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔

loading...
loading...